بے روزگاری کا چسکہ

تو آج بیروزگار ہوئے مجھے پورے چار دن ہو گئے ہیں، اب مجھے یہ پتہ نہیں ہے کہ آیا مجھے ہفتہ وار چھٹیوں کو بھی بے روزگاری میں گننا چاہیے یا نہیں، اور اس کے علاوہ جو ماہانہ دو چھٹیاں مجھے دفتری اصولوں کے مطابق ملا کرتی تھیں، ان کو بھی شمار کروں؟ اگر ایسا ہے تو جی میں سوموار کے دن بے روزگار ہو جاؤں گا۔
ایک بار ایسا ہوا کہ یونیورسٹی میں ہم نے ایک واہیات قسم کی نئی چیز دریافت کر لی جسے "فرنچ ہالیڈے" کے نام سے جانا جاتا تھا۔ یعنی بغیر کسی وجہ کے چھٹی کر لینا، اور جب ایک دو ہفتے ہم نے دو چار دن فرنچ ہالیڈے منائی، یہ تو نشہ تھا، چڑھ گیا، آئے روز فرنچ ہالیڈے منانے لگے، ہاسٹل میں تھے، روک ٹوک بھی نہ تھی۔ نتیجہ یہ نکلا کہ ٹرم کے اواخر میں ہماری حاضریاں کم نکلیں، اور اس پاداش میں ہمارا ایک پرچہ میں امتحانی ہال ہم پر شجر ممنوع کر دیا گیا۔
سوچ سوچ کر کلیجہ منہ کو آ رہا تھا کہ گھر والوں کو کیسے سمجھائیں گے۔ اپنے جونئیرز کے ساتھ بیٹھ کر اگلی ٹرم میں یہ پرچہ کس منہ سے دیں گے اور ہماری ڈی ایم سی پر اس ٹرم کا تعارف کیسا ہو گا کہ "اِن پَارٹس" یا حصوں میں پاس کی گئی ٹرم!۔ اپنے آپ کو اور اس دوست جس نےیہ فرنچ ہالیڈے کی واہیات نکالی تھی، کو کوسنے کے علاوہ کیا کر سکتے تھے۔ اسی پریشانی میں اپنے ایک چچا ذاد کو ٹیلی فون دے مارا۔ ماجرا بیان کیا تو اس خدا کے بندے نے حوصلہ دیا اور فرمایا: "ارے چھوڑو یار!، پروفیشنل ڈگری میں سپلی آنا تو شان ہوتی ہے طالبعلم کی، خوش نصیب ہو جو اس سے بہرہ مند ہوئے، ورنہ میں تو کہتا ہوں وہ پروفیشنل ڈگری ہی کیا، جس میں سپلی نہ آئے!"۔ تو اس بے تکی منطق پر ہی اپنے آپ کو حوصلہ دیتے رہ گئے۔
اللہ پاک کا کرم رہا ہے کہ ڈگری ہاتھ آنے سے پہلے ہی نوکری لگ گئی تھی، اب وہ پراجیکٹ ختم ہو چکا ہے، تو دوچار روز سے نوکری ڈھونڈ رہا ہوں اور ساتھ ہی اپنے آپ کو دلاسہ دے رہا ہوں، " وہ پروفیشنل زندگی ہی کیا، جس میں بے روزگاری نہ ہو!"۔

تبصرے

  1. گمنام23/2/09 12:01

    بہت خوب! "فرنچ ہالیڈے" کی اصطلاح تو بہت شاندار ہے۔ ویسے انگریزی کا اصول ہے ہر واہیات چیز کو فرانس سے منسوب کر دیتے ہیں :) ۔۔
    تحریر بہت اچھی تھی۔ بے روزگاری کے ایام میں فرصت سے فائدہ اٹھائیے کہ یہ عظیم نعمت ہے، ہم دعاگو ہیں کہ آپ بھی برسر روزگار ہو جائیں۔

    جواب دیںحذف کریں
  2. گمنام23/2/09 12:33

    اللہ کریم آپ کو جلد از جلد برسرِ روزگار کرے اور بسیار رزقِ حلال سے نوازے ۔ آمین

    آپ کی فرمائش پر اللہ کی دی ہوئی توفیق سے میں نے کافی محنت کر کے حقائق اکٹھے کئے ہیں ۔ اِن شاء اللہ کل پہلی قسط شائع کروں گا

    جواب دیںحذف کریں
  3. ابو شامل::: جی اصطلاح تو بہت شاندار ہے، لیکن نتائج بہت بھیانک، اور انگریزوں کے تو، میرا "دا" نہیں لگتا ورنہ "گٹے" توڑ دوں :)۔
    تحریر پسند کرنے کا بہت شکریہ، اور ان ایام سے کوشش ہے کہ فایدہ اُٹھاؤں، "کشف المحجوب" قسط وار پوسٹ کر رہا ہوں، ضرور مطالعہ کریں، اور آخری بات پر آمین، اور ایک بار پھر آمین۔
    افتخار اجمل بھوپال صاحب:: آمین اور ثم آمین، حلال رزق کے لیے تو دل وجان سے آمین۔ ہم بہت ہی کمزور لوگ ہیں سر جی۔ اس لیے خداہمیں حلال رزق ہی دے۔
    اور سر جی بہت بہت مہربانی، بے شک محنت ضرور رنگ لائے گی، اور محنت بھی وہ جسے آپ لفظوں میں ڈھال دیں، میں انتظار کر رہا ہوں۔ فرمائش پوری کرنے کا شکریہ۔ انوکھا لاڈلا۔۔۔ کھلن کو مانگے چاند رے۔۔۔

    جواب دیںحذف کریں
  4. گمنام23/2/09 14:26

    پریشان نہ ہوں، اللہ خیر کریگا، ویسے بھی روزی رزق اور نوکری ہونا دو الگ الگ باتیں ہیں۔
    آپ مجھے ایک عدد سی وی ای میل کر دیں۔ شکریہ۔

    جواب دیںحذف کریں
  5. گمنام24/2/09 13:21

    فیصل::: جی بالکل آپ نے ٹھیک کہا، انشااللہ خیر ہو گی۔ سر جی اگر آپ اپنا ای میل بھی بتا دیتے تو میں سی وی میل کر سکتا،شکریہ۔۔۔

    جواب دیںحذف کریں
  6. گمنام24/2/09 17:07

    نوکری کے لیے نیک دعایں
    اور فرینچ ہالیڈے کی ٹرم بتانے کا شکریہ
    آج سے یہ ہمارے آفس میں بھی استعمال ہوا کرے گی
    گارنٹی کے ساتھ
    :D

    جواب دیںحذف کریں
  7. جی دعاؤں کا شکریہ، اور یہ آفس میں استعمال کرنے سے پہلے ہدایات ضرور پڑھ لیں اور اس کو اپنے ماتحتوں کی پہنچ سے دور رکھیں، ورنہ ان کے حصے کا کام بھی آپ کو نبٹانا پڑ جائے گا۔ :)۔

    جواب دیںحذف کریں

ایک تبصرہ شائع کریں

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

اول المسلمین کے بعد - محمدؐ - 1

اول المسلمین کے بعد - محمدؐ - 05

قسط نمبر ۴: کشف المحجُوب